نیب میں سپیشل انویسٹی گیشن ڈویژن قائم، چیئرمین نے منظوری دے دی

اسلام آباد (پی این ایچ)ہائی پروفائل کیسز کی تحقیقات کیلئے نیب میں سپیشل انویسٹی گیشن ڈویژن قائم کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو میں سپیشل انویسٹی گیشن ڈویژن کے قیام کی منظوری دیدی گئی ہے۔ چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد نئے ڈویژن کو باضابطہ طور پر فعال کیا جا رہا ہے جس کا مقصد ہائی پروفائل کیسز کی مثر تحقیقات کو یقینی بنانا ہے۔دستاویز کے مطابق سپیشل انویسٹی گیشن ڈویژن کا الگ ڈائریکٹر جنرل ہوگا ،گریڈ 21کے محمد طاہر کو اس ڈویژن کا ڈی جی تعینات کیا گیا ہے جو براہ راست چیئرمین نیب کو جوابدہ ہوں گے۔نئے ڈویژن میں جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم اور لینڈ ڈائریکٹوریٹ کو بھی ضم کر دیا گیا ہے تاکہ تحقیقات کا عمل مزید مربوط اور تیز بنایا جا سکے۔اسپیشل انویسٹی گیشن ڈویژن کیلئے دو پراسیکیوٹرز بھی تعینات کیے گئے ہیں جن میں عرفان بھولا اور شاہد نواز جدون شامل ہیں، جبکہ گریڈ 17،18اور 19کے 10افسران کی خدمات بھی اسی ڈویژن کے سپرد کردی گئی ہیں۔