وزیراعظم آزاد کشمیر کا 6ماہ بعد انتخابات کرانے کا اعلان

کراچی (پی این ایچ ) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے ریاست میں 6ماہ کے بعد انتخابات کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے ہم ہائبرڈ سسٹم نہیں بلکہ سیاسی حکومت ہیں۔کراچی میں ایک تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ بھارت مقبوصہ کشمیر کے مظلوم عوام پر ظلم کر رہا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے اور عالمی برادری مقبوصہ کشمیر میں مودی کے مظالم بند کرائے۔فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ہمارا مقابلہ مسلم لیگ (ن)سے ہوگا، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن)کے خلاف الیکشن لڑیں گے اور آپس میں اتحاد کا کوئی امکان نہیں ہے جبکہ آزاد کشمیر میں اب پی ٹی آئی ختم ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں 6 ماہ کے بعد الیکشن کروائیں گے، پیپلز پارٹی سندھ کے بعد آزاد کشمیر میں سب سے زیادہ مضبوط ہے۔وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ کراچی کے اندر کشمیر ہاس ہونا چاہیے، ہم حکومت سندھ سے بات کریں گے کہ وہ زمین دیتے ہیں تو ہم کشمیر ہاس تعمیر کریں گے۔قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی کشمیر کے ساتھ محبت ہمیں ورثے میں ملی ہے، آزاد کشمیر میں کچھ عرصے میں مسائل پیدا ہوئے ہیں، جس کی وجہ سے تحریکیں چلیں، ریاست کے نظام پر عوام کا اعتبار کمزور ہوا لیکن ہم تمام مسائل حل کریں گے۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ڈیڑھ ماہ میں وہ کام کیے ہیں جو پچھلے 4 سال میں نہ ہو سکے، ہم نے عوام کے ساتھ رابطہ بحال کیا ہے، آج پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں عوام کی سب سے بڑی قوت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم گالی نہیں دیتے، لوگوں کے راستے بند کرنے نہیں کھولنے آئے ہیں، کیا ریاست کے حالات کو افراتفری کی طرف لے کر جانا ٹھیک ہے، جب ریاست آپ کے ساتھ بیٹھ رہی ہے تو آپ بیٹھنے سے کیوں گھبرا رہے ہیں۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ہم ریاست کے حالات ٹھیک کر رہے ہیں تو آپ کیوں نہیں بیٹھ رہے، ہم نے کوئی وعدہ خلافی کی ہے تو بتائیں، ہم ہائبرڈ سسٹم نہیں سیاسی حکومت ہیں، ہم کوشش کر رہے ہیں حالات خراب نہ ہوں۔