راولپنڈی (پی این ایچ)وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی میں کمی کے لیے اسلام آباد میں پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سعودی عرب، مصر اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والا اہم مشاورتی اجلاس خوش آئند پیش رفت ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کا خطے میں امن اور استحکام کے قیام میں مرکزی کردار، بالخصوص مشرق وسطیٰ کے تناظر میں قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین اہم ممالک کے وزرائے خارجہ کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کے لیے پاکستان کی نمایاں سفارتی کوششیں قابل ستائش ہیں جو پاکستان کی موثر خارجہ پالیسی پر عالمی اعتماد کا مظہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے ہمیشہ امن، مکالمے اور سفارتی حل کو ترجیح دی ہے۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ صورتحال میں جنگ کا خاتمہ خطے کے بہترین مفاد میں ہے اور تحمل و بردباری ہی آگے بڑھنے کا موثر راستہ ہے۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ پاکستان کا مثبت اور متوازن سفارتی کردار علاقائی ہم آہنگی کے فروغ اور کشیدگی میں کمی کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے اور حکومت پاکستان خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔
وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان نے امن، مکالمے کو ترجیح دی ہے، دانیال چوہدری
