لاہور( پی این ایچ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں مثالی گاؤں اور صاف پانی پراجیکٹ پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ واٹر فلٹریشن پلانٹ میں خرابی کے فوری ازالے کیلئے ہیلپ لائن 1336 فعال کر دی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مثالی گاؤں پراجیکٹس کی تکمیل کی ٹائم لائن طلب کر لی اور ہر گاؤں کی پہلے اور بعد کی تقابلی ویڈیوز پیش کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب کے 485 دیہات کو مثالی گاؤں میں بدلنے کے مشن پرتیزی سے جاری ہے۔ مثالی گاؤں پراجیکٹ کے فیز ون کی تکمیل پر 59 ارب روپے سے زیادہ لاگت آئیگی۔ ہر گاؤں میں واٹر سپلائی، سولر سسٹم ٹیوب ویل، گندے پانی کے تالابوں کی صفائی اور ڈرین وغیرہ کور کی جائیگی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے 7500 دیہات کو دوسرے فیز میں مثالی گاؤں میں بدلنے کی اصولی منظوری دیدی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے 30 جون تک دیہات میں گندے پانی کے تالابوں (چھپڑ)کی صفائی کا ہدف مقرر کر دیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ 31 اگست تک دیہات میں سیپٹک ٹینک(پانی کی قدرتی فلٹریشن)کی تعمیر مکمل کر لی جائیگی۔ سیپٹک ٹینک میں ڈی سیلٹنگ کے بعد پانی آبپاشی کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے خوشاب اور چشتیاں میں بوٹلینگ پلانٹ کی جلد تکمیل کی ہدایت کی اور راجن پور میں واٹر سپلائی کلسٹر بیسڈ سکیم 15 مئی تک مکمل کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے خراب واٹر فلٹریشن پلانٹ کی فوری مرمت اور بحالی یقینی بنانے کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے آلودہ اور خراب ترین علاقوں میں ترجیحاًپینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے واٹر فلٹریشن پلانٹ کی بحالی اور مرمت میں کوتاہی برداشت نہیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پینے کا صاف پانی پنجاب کے ہر شہری کا حق ہے۔ دیہات کو مثالی گاؤں میں بدلنے کا عزم ہر صورت پورا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دیہات میں بسنے والوں کا وسائل پر مساوی حق ہے، انہیں یہ حق ضرور دیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجا ب نے 7500 دیہات کو دوسرے فیز میں مثالی گاؤں میں بدلنے کی اصولی منظوری دیدی
