وزیر اعظم سے فیلڈ مارشل کی ملاقات، کشیدگی میں حالیہ کمی پر اطمینان کا اظہار

اسلام آباد (پی این ایچ)وزیر اعظم شہباز شریف سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملاقات کی جس میں خطے میں پائیدار امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم اور چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے اب تک کشیدگی میں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ تمام فریقین امن اور جنگ بندی کو برقرار رکھیں۔وزیراعظم اور چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے تمام فریقین کی جانب سے تحمل کے مظاہرے کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان دونوں فریقین کو پرامن مذاکراتی حل تک پہنچنے کے لیے مکمل تعاون اور سہولت فراہم کرتا رہے گا۔وزیر اعظم نے اس عمل میں شامل فریقین کے عزم کو سراہا اور امن کے حصول کی کوششوں میں ان کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ انہوں نے آنے والے وفود کو اپنی دعوت کا اعادہ کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پاکستان کی جانب سے انہیں بہترین میزبانی اور بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا۔