لاہور (پی این ایچ)پنجاب حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد شہریوں کو ریلیف دینے کے لئے پبلک ٹرانسپورٹ مفت کرنے کا اعلان کیا گیا، جس کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد اورنج لائن ٹرین کے اسٹیشنز کا رخ کرنے لگی اور مختلف اسٹیشنز پر رش دیکھنے میں آیا۔حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے باعث عوام کو سفری سہولت فراہم کرنے کیلئے یہ اقدام کیا گیا ہے ،پنجاب حکومت کے فری پبلک ٹرانسپورٹ کے احکامات پر عمل درآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے۔مفت سفری سہولت ملنے پر شہریوں نے اسے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے دور میں یہ اقدام عوام کیلئے بڑا ریلیف ہے۔شہریوں کا کہنا تھا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کا فری کرنا حکومت پنجاب کا اچھا اقدام ہے، اس سے روزانہ سفر کرنے والے افراد خصوصاً طلبہ اور ملازمین کو مالی ریلیف ملے گا,اورنج لائن ٹرین کے مختلف اسٹیشنز پر مسافروں کا رش بڑھ گیا جبکہ انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی اور مسافروں کی رہنمائی کیلئے اضافی عملہ بھی تعینات کیا گیا۔دوسری جانب شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس سہولت کو کچھ عرصے کیلئے جاری رکھا جائے تاکہ مہنگائی سے متاثرہ عوام کو مزید ریلیف مل سکے۔
پبلک ٹرانسپورٹ مفت، شہریوں کا اورنج لائن اسٹیشنز پر رش
