پشاور ہائیکورٹ، سرکاری ملازمین، وسائل اور مشینری کا سیاسی استعمال غیر قانونی قرار

پشاور (پی این ایچ)پشاور ہائی کورٹ نے سیاسی جلسوں میں سرکاری وسائل کے استعمال کے خلاف کیس میں 28صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔جسٹس صاحبزادہ اسداللہ نے سرکاری ملازمین، وسائل اور مشینری کے سیاسی استعمال کو غیر قانونی قرار دے دیا۔عدالت نے فیصلے میں قرار دیا کہ صوبے کا وزیر اعلی سرکاری وسائل کا آئینی نگران اور محافظ ہوتا ہے، جبکہ سرکاری ملازمین اور وسائل کا استعمال صرف عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ہونا چاہئے۔عدالت نے کہا کہ سرکاری مشینری کا استعمال آئین میں طے شدہ طریقہ کار کے مطابق ہونا ضروری ہے اور اختیارات سے تجاوز قانونی و اخلاقی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔فیصلے میں چیف سیکرٹری کو ہدایت کی گئی کہ تمام اداروں کو آئین اور قانون کے دائرے میں کام کرنے کا پابند بنایا جائے اور یہ یقینی بنایا جائے کہ سرکاری ملازمین، وسائل اور مشینری کسی سیاسی مقصد کیلئے استعمال نہ ہوں۔عدالت نے آئی جی خیبر پختونخوا کو بھی ہدایت کی کہ پولیس کا کسی بھی سیاسی مقصد کیلئے استعمال نہ ہونے کو یقینی بنایا جائے۔