پنجاب،تمام سینٹرل جیلوں میں ”پریزن ویلفیئر سٹور”قائم

لاہور (پی این ایچ) وزیراعلی پنجاب جیل ریفارمز ایجنڈے کا اہم سنگِ میل عبور کر لیا گیا۔ پنجاب کی تمام سینٹرل جیلوں میں ”پریزن ویلفئیر سٹور”آپریشنل ہو گئے ہیں۔ اسیران اب جیل کے اندر ہی اپنی ضرورت کے مطابق اشیا بآسانی اور سستے داموں خرید سکتے ہیں۔ چیئرمین ٹاسک فورس برائے جیل خانہ جات رانا منان خان اور سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے سینٹرل جیل لاہور میں پریزن ویلفیئر سٹور کا افتتاح کیا۔ یاد رہے کہ پنجاب کی تمام 9سینٹرل جیلوں میں بیک وقت پریزن ویلفیئر سٹورز آپریشنل کیے جا چکے ہیں۔ اس موقع پر آئی جی پریزن میاں فاروق نذیر، ایڈیشنل سیکرٹری پریزن رومان بورانہ، ڈی آئی جی محسن رفیق، ڈی آئی جی نوید رف، سپرنٹنڈنٹ جیل اعجاز اصغر بھی ہمراہ تھے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ پریزن ویلفئیر سٹور میں بنیادی ضرورت کی 74اشیاء سستے داموں دستیاب ہیں۔ سٹور میں بیکری آئٹمز، مشروبات، کچن آئٹمز اور ہائی جین آئٹمز وغیرہ دستیاب ہیں۔ خریداری کا تمام عمل سینٹرلائزڈ پوائنٹ آف سیل سافٹ ویئر پر ریکارڈ اور مانیٹر ہو رہا ہے۔ سافٹ ویئر پر اسیران، خریدی گئی اشیاء اور قیمت کی تمام تفصیلات دستیاب ہیں۔ اسیران اپنے بینک اکائونٹ کے ذریعے بائیو میٹرک سے آن لائن ٹیب پر خریداری کا عمل مکمل کر رہے ہیں۔ اسیران نے پریزن ویلفیئر سٹور سے اپنی ضرورت کے مطابق سامان کی خریداری کی اس موقع پر ان کی خوشی دیدنی تھی۔ اس موقع پر چیئرمین وزیراعلی پنجاب ٹاسک فورس برائے جیل خانہ جات رانا منان خان نے کہا کہ پریزن ریفارمز وزیراعلی پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ پنجاب بھر کی جیلوں میں پریزن ویلفیئر سٹور قائم کرنے پر سیکرٹری داخلہ اور آئی جی پریزن مبارکباد کے مستحق ہیں۔ حکومت پنجاب جیلوں کو اصلاحی مراکز بنانے کے لئے مثالی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ چیئرمین ٹاسک فورس نے ہدایت کی کہ کوئی بھی آئٹم مارکیٹ ریٹیل قیمت سے زائد پر فروخت نہ کی جائے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ 9سینٹرل جیلوں کے بعد رواں ماہ ہی پنجاب بھر کی تمام جیلوں میں پریزن ویلفیئر سٹور آپریشنل ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پریزن ویلفیئر سٹور کا نظم و نسق پنجاب پریزن فانڈیشن چلا رہی ہے۔ پریزن ویلفیئر سٹور میں خریداری کا تمام عمل سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ تمام فوڈ آئٹمز کے سیمپلز PAFDA لیبارٹری سے چیک کروائے گئے جن کی رپورٹ تسلی بخش آئی اور تمام اشیا معیاری پائی گئیں۔ سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ پریزن ویلفیئر سٹورز میں شفافیت کو برقرار رکھنے کے لئے آڈٹ آفیسر تعینات کیا گیا ہے۔ آئی جی پریزن میاں فاروق نذیر نے بتایا کہ پریزن ویلفیئر سٹور نو پرافٹ نو لاس کے اصول پر چلائے جائیں گے۔ تمام اشیا مارکیٹ ریٹ پر دستیاب ہیں اور انکی ریٹ لسٹ بھی آویزاں کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یوٹیلیٹی سٹورز کی بندش سے اسیران کو مشکلات کا سامنا تھا اور پریزین ویلفیئر سٹور انکی ضروریات کو پورا کریں گے۔ خریداری کے لئے آنے والے قیدیوں نے اس موقع پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج انہیں ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے وہ آزاد ہو گئے ہیں۔