پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام پرخوفناک بم گرایا گیاہے،حامد نواز راجہ

راولپنڈی( پی این ایچ)سابق تحصیل ناظم راولپنڈی و سابق چیئرمین ڈویلپمنٹ اتھارٹی(RDA) حامد نواز راجہ نے کہا کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتنا بڑا اضافہ کرکے عوام پرخوفناک بم گرایا ہے، گزشتہ ایک ماہ 63فیصد پیٹرول کی قیمت میں اضافہ ہو چکا ہے۔ پٹرول کی قیمت میں137روپے اور ڈیزل کی قیمت میں184روپے کا اضافہ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا اضافہ ہے۔حکمران طبقہ عوام کو ریلیف دینے کے بجائے آئے روز مہنگائی کی دلدل میں دھنسائے جارہاہے ۔حامد نواز راجہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکمران اور اشرافیہ غریب عوام پر رحم کھائے ۔حکومت فوری طورپر اتنے بڑے اضافے کو واپس لے۔پٹرولیم مصنوعات کے حالیہ اضافے نے غریب عوام کو مکمل طور پر زمین بوس کردیااور زندگی جینے کا حق چھین لیا، ملکی تاریخ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آج تک اتنا بڑا اضافہ نہ ہوا اور نہ ہی دیکھاگیا۔انہوں نے مزید کہا کہ قوم قرضوں کے دلدل میں پہلے ہی پھنسی ہوئی غریب گھروں کے چولہے پہلے ہی ٹھنڈے ہوئے پڑے ہیں ۔غریب اور عام عوام اپنی زندگی مشکل طریقے سے گزارنے پر مجبور ہے۔ملک میں ہر پیدا ہونے والا بچہ 3لاکھ روپے کا مقروض ہوچکا لیکن حکمرانوں کی شاہ خرچیاں ختم نہیں ہو رہی، انہوں نے مزید کہا کہ ڈھائی کروڑ افراد موٹر سائیکل پر سفر کرتے ہیں ایسے افراد کیلئے شدید مشکلات پیداہونگی ۔حامد نواز راجہ نے کہا کہ عوام کو مقروض کر دیا اور حکمران خود عیاشیاں کر رہے ہیں۔ جنوبی ایشیا میں جس تناسب سے اضافہ ہوا ہے اس کے مقابلے میں یہاں بہت زیادہ اضافہ کیا گیا۔