گوشوارے جمع نہ کرانیوالے اراکین کیخلاف سخت فیصلہ

اسلام آباد(پی این ایچ)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے جمع نہ کرانے والے اراکین پارلیمنٹ کے خلاف سخت اقدام کا اعلان کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق اراکینِ پارلیمنٹ کی جانب سے گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ جمعرات تھی تاہم مقررہ مدت گزرنے کے باوجود متعدد اراکین نے اپنے گوشوارے جمع نہیں کرائے۔ اس صورتحال پر الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ (آج) 16 جنوری سے گوشوارے جمع نہ کرانے والے اراکین کی رکنیت معطل کر دی جائے گی۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے سینیٹ، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے تمام اراکین کو ہدایت کی گئی کہ وہ الیکشن ایکٹ 2017 کی شق 137 کے تحت اپنے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے مجوزہ فارم بی پر لازمی طور پر جمع کرائیں۔ کمیشن نے کہاکہ یہ آخری موقع ہے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔الیکشن کمیشن کے ترجمان نے کہا کہ اثاثوں اور واجبات کی تفصیلات جمع کرانا ایک آئینی اور قانونی تقاضا ہے، جس کا مقصد عوامی نمائندوں کے مالی معاملات میں شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔