عالمی طاقتیں کمزور اقوام کو نشانہ بنا رہی ہیں،شازیہ کیانی ایڈووکیٹ

مظفرآباد(پی این ایچ)معروف قانون دان،نامور سماجی رہنما شازیہ کیانی ایڈووکیٹ نے عالمی سیاست میں دوہرے معیار اور مسلم دنیا کے خلاف جاری پالیسیوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی رہنماؤں کے فیصلوں کے نتیجے میں دنیا بھر میں انسانی جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے شازیہ کیانی ایڈووکیٹ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ،اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان رہنماؤں کی پالیسیاں خطے میں عدم استحکام،تشدد اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سبب بن رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتیں اپنے مفادات کے حصول کے لیے کمزور اقوام کو نشانہ بنا رہی ہیں جس پر عالمی ضمیر کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔شازیہ کیانی ایڈووکیٹ نے کہاکہ موجودہ حالات امت مسلمہ سے اتحاد،یکجہتی اور شعور کا تقاضا کرتے ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ مسلم ممالک اور عوام کو باہمی اختلافات بھلا کر مشترکہ موقف اپنانا ہوگا تاکہ عالمی سطح پر درپیش سیاسی اور انسانی چیلنجز کا موثرجواب دیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ فلسطین،مقبوضہ جموں وکشمیر اور دیگر تنازعات میں مظلوم عوام کی آواز کو دبایا جا رہا ہے جبکہ انسانی حقوق کے عالمی دعوے دار ادارے عملی اقدامات سے گریزاں دکھائی دیتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ اگر مسلم دنیا نے اس نازک مرحلے پر اجتماعی حکمت عملی اختیار نہ کی تو آنے والی نسلیں بھی انہی مسائل کا سامنا کرتی رہیں گی۔شازیہ کیانی ایڈووکیٹ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بیداری،شعور اور پرامن جدوجہد کے ذریعے حق و انصاف کیلئے آواز بلند کریں اور عالمی سطح پر مظلوموں کے حق میں موثر کردار ادا کریں۔