اسلام آباد (پی این ایچ)پاکستان کی میزبانی میں 4 فریقی ممالک سعودی عرب، ترکیے اور مصر کے وزرائے خارجہ کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا جس میں خطے میں کشیدگی کی صورتحال اور جنگ بندی سے متعلقہ امور پر گفتگو کی گئی۔اجلاس میں پاکستان کے سینیٹر اسحاق ڈار، سعودی عرب کے فیصل بن فرحان، ترکیے کے حاکان فیدان اور مصر کے بدر عبدالعاطی شریک ہوئے۔چار ملکی وزرائے خارجہ کے اجلاس میں خطے میں کشیدگی کی صورتحال اور جنگ بندی سے متعلقہ امور پر گفتگو کی گئی۔اس موقع پر امن اور استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری سے معاملات حل کرنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس سے قبل نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ترکیے، مصر اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کیں۔ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات کی توثیق کے ساتھ ایران سمیت مجموعی علاقائی صورتحال پر گفتگو ہوئی اور امن و استحکام کیلیے مکالمے، کشیدگی میں کمی اور سفارتکاری پر زور دیا گیا جبکہ علاقائی ہم آہنگی اور تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اس اہم ترین بیٹھک سے پہلے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی ہم منصب عباق عراقچی سے بھی رابطہ ہوا تھا۔دونوں رہنمائوں نے دوران گفتگو دیرپا امن کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو واحد موثر راستہ قرار دیا۔ایران کے مطابق پاکستان نے ایران کے خلاف اسرائیلی اور امریکی جارحیت کی سخت مذمت کی اور جنگ روکنے کی کوششوں کیلئے 4 ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس سے متعلق بات کی۔
پاکستان کی میزبانی میں 4 ممالک کا اہم مشاورتی اجلاس،قیام امن کا عزم
