معروف قوال غلام فرید صابری کو مداحوں سے بچھڑے 32 برس بیت گئے

کراچی(پی این ایچ)معروف قوال غلام فرید صابری کو مداحوں سے بچھڑے 32 برس بیت گئے، مگر ان کی گائی ہوئی قوالیاں آج بھی مقبول ہیں۔تاجدارِ حرم اور اس جیسی دیگر کئی مقبول قوالیوں پر لوگوں کی داد وصول کرنے والے غلام فرید صابری نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں قوالی کے چاہنے والوں کے دلوں کی دھڑکن تھے۔غلام فرید صابری 1930 میں ہندوستانی ریاست مشرقی پنجاب میں پیدا ہوئے، انہیں بچپن سے ہی قوالیوں کا شوق تھا، غلام فرید صابری اپنے بھائی مقبول صابری کے ساتھ قوالی گایا کرتے تھے۔70اور 80 کی دہائی غلام فرید صابری کے عروج کا سنہری دور تھا، اسی زمانے میں انہوں نے بھر دو جھولی میری یا محمدﷺ جیسی قوالی گا کر دنیا بھر میں اپنے فن کا لوہا منوایا۔ان کی متعدد قوالیوں کو فلموں میں بھی استعمال کیا گیا، جن میں محبت کرنے والوں اور آفتاب رسالت بہت مقبول ہوئیں، انہوں نے اردو کے علاوہ پنجابی ، سرائیکی اور سندھی زبان میں بھی قوالیاں پیش کیں۔5اپریل 1994 کو کراچی میں غلام فرید صابری دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے، لیکن آج بھی ان کا گایا کلام سننے والوں کو جھومنے پر مجبور کر دیتا ہے۔