اسلام آباد(پی این ایچ) عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف (فیلڈ مارشل) نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے اہم ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کے دوران وزیر داخلہ محسن نقوی اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی موجود تھے، دورانِ گفتگو ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان کے مؤثر اور ذمہ دارانہ کردار پر خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ جنگ روکنے میں پاکستان کا مؤثر اور ذمہ دارانہ کردار قابل تحسین ہے، جنگ بندی میں سہولت کاری پر ریاست پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، اسلام آباد مذاکرات کے دوران ایرانی وفد کی میزبانی پر بھی پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاک-ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور سرحدی سلامتی، دہشتگردی کے خاتمے اور اقتصادی روابط کے فروغ پر زور دیا۔ اس موقع پرعلاقائی استحکام، بالخصوص مشرقِ وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان ہمسایہ ممالک کے ساتھ امن، استحکام اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات کا خواہاں ہے، جبکہ مسعود پزشکیان نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ملاقات کو دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی اور علاقائی تعاون کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
فیلڈ مارشل کی ایرانی صدر سے ملاقات ،مسعود پزشکیان پاکستان کے مشکور
