اقوام متحدہ (پی این ایچ) سربراہ اقوام متحدہ نے اسرائیل اور لبنان کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے ایک بیان میں کہا کہ سیکرٹری جنرل نے اقوام متحدہ کی جانب سے تمام ایسی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا ہے جن کا مقصد مخاصمت کا خاتمہ اور بلیو لائن کے دونوں اطراف رہنے والی آبادی کی مشکلات میں کمی لانا ہے۔ بلیو لائن لبنان اور اسرائیل کے درمیان سرحدی حد بندی ہے جو اقوام متحدہ نے 2000 میں قائم کی تھی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ گوتریس کو امید ہے کہ یہ جنگ بندی مذاکرات کی راہ ہموار کرے گی اور تنازع کے طویل المدتی حل کے لئے سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 پر مکمل عملدرآمد میں مدد دے گی۔گوتریس نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ جنگ بندی کا مکمل احترام کریں اور ہر وقت بین الاقوامی قانون خصوصاً بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں۔ انہوں نے مزید امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ خطے میں دیرپا اور جامع امن کے لئے جاری کوششوں میں مددگار ثابت ہوگا۔اسرائیل اور لبنان کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب مقامی وقت کے مطابق (جی ایم ٹی 9بجے) نافذ العمل ہوگئی۔
سربراہ اقوام متحدہ کا لبنان اسرائیل جنگ بندی کا خیرمقدم
