امریکی ناکہ بندی برقرار ،ایران نے آبنائے ہرمز پھر بند کردی

تہران(پی این ایچ)امریکی ناکہ بندی برقرار ،ایران نے آبنائے ہرمز پھر بند کر دی،پاسداران انقلاب نے امریکا پر ناکہ بندی کے نام پر بحری قزاقی کا الزام لگاتے ہوئے آبنائے ہرمز دوبارہ بند کر دی۔ایران کے خاتم الانبیا سینٹرل ہیڈکوارٹرز کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے کا نظام دوبارہ سخت فوجی کنٹرول میں آ گیا ہے۔پاسداران انقلاب نے اس اقدام کی وجہ امریکہ کی بار بار خلاف ورزیوں اور ناکہ بندی کے نام پر سمندری راہزنی کو قرار دیا اور کہا کہ ایران نے معاہدوں کے تحت محدود تعداد میں جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دی تھی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا نے اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں، لہٰذا اب آبنائے ہرمز دوبارہ بند کر دی گئی ہے اور گزرنے کے لیے ایران کی اجازت درکار ہوگی، جب تک امریکا جہازوں کی آمدورفت کو پوری آزادی کے ساتھ بحال نہیں کرتا اس وقت تک آبنائے ہرمز کی نگرانی سخت رہے گی۔ایران کی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے لیے ایک نئے بحری نظام کی پابندی کی جائے۔