تہران(پی این ایچ)جنگ بندی معاہدے کے تحت ایران نے آبنائے ہرمز کھولنے کا اعلان کردیا، جس کے بعد تجارتی جہازوں کی آمد و رفت بحال کردی گئی۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز سے تمام تجارتی جہازوں کی آمد و رفت کو جنگ بندی کی باقی مدت کے لیے مکمل طور پر کھلا قرار دیا گیا ہے۔عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ لبنان میں جنگ بندی کے بعد آبنائے ہرمز سیزفائر کی مدت کے دوران تجارتی بحری جہازوں کے لیے کھلی رہے گی۔ عباس عراقچی نے کہا کہ آبنائے ہرمز کمرشل شپنگ کے لیے مکمل طور پر کھول دی گئی، جنگ بندی کے دوران جہازوں کی آمد و رفت جاری رہے گی۔ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کو ایرانی پورٹ اور میر ی ٹائم آرگنائزیشن کے طے کردہ راستوں سے گزرنا ہوگا۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ایرانی وزیر خارجہ کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے ایران کا شکریہ ادا کیا۔ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ آبنائے ہرمز کھلنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں بہترین اور عظیم لوگ ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ روز لبنان اور اسرائیل کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا تھا، جس کا اعلان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر کیا تھا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ دونوں ممالک 10 روزہ سیزفائر پر متفق ہوگئے ہیں۔
آبنائے ہرمز کھل گئی،امریکی صدر ایران پاکستان کے مشکور
