مخالفین ہمارا مقابلہ سوشل میڈیا پر کر سکتے ہیں میدانِ عمل میں نہیں، فیصل راٹھور

کوٹلی(پی این ایچ)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ مخالفین ہمارا مقابلہ سوشل میڈیا پر تو کر سکتے ہیں مگر میدانِ عمل میں نہیں۔ ہم اپنی کارکردگی عوام کے سامنے رکھ رہے ہیں، جب الیکشن میں اتریں گے تو پھر بھرپور مقابلہ کریں گے، حکومت نے ریاست میں اداروں کی بہتری کے لیے ٹھوس اقدامات کیے ہیں، تعلیمی شعبے میں اصلاحات کے تحت تعلیمی اداروں کو اپ گریڈ اور ریشنلائز کیا گیا ہے۔ تعلیمی پیکج کے ذریعے نظام تعلیم کو بہتر بنایا گیا، تعلیمی پیکج کے حوالے سے ملک ظفر اور دیوان علی خان چغتائی نے محنت کی ہے ان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، جب مجھے حکومت ملی تو ریاست مشکلات کا شکار تھی، تاہم ہم نے اس چیلنج کو قبول کرتے ہوئے واضح ویژن اور روڈ میپ کے تحت کام کیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت ریاست کی بہتری کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، محض اعلانات نہیں بلکہ ان پر عملدرآمد بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔ہم نے اوورسیز کشمیریوں کو متحرک کیا، زرعی کانفرنس کا انعقاد کیا، سیاحت کے فروغ کے لیے عملی اقدامات اٹھائے۔ ہم سب کو پوائنٹ اسکورنگ سے گریز کرتے ہوئے عوام کے حقوق کا تحفظ کرنا ہوگا۔پاکستان پیپلز پارٹی کنگ میکر ہے، ہم وفاق کی علامت ہیں۔ ہم پاکستان کے نظام کے حقیقی سٹیک ہولڈرز ہیں۔ ہم نے ریاست کے ماحول کو ایک بار پھر بحال کیا ہے، عوام کی خدمت کے مشن کو دوبارہ عروج دیا ہے۔ ہم پھر آرہے ہیں، پہلے سے زیادہ طاقت اور عوامی حمایت کے ساتھ آرہے ہیں، ہم عوامی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں۔ آج راج محل کے لئے 50 بیڈ کے آر ایچ سی کی اپگریڈیشن کا اعلان کرتا ہوں تاکہ عوام کو بہتر طبی سہولیات میسر آ سکیں۔بنیادی صحت کے مراکز (بی ایچ یو) کی بہتری کے لیے بھی فزیبلٹی تیار کی جائے گی تاکہ دیہی علاقوں میں صحت کی سہولیات کو مؤثر اور جدید بنایا جا سکے۔ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے ریاں میں وزیر ہائیر ایجوکیشن ظفر اقبال ملک کی دعوت پر منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب میں کیا۔اس موقع پر صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یاسین وزرائے حکومت جاوید اقبال بڈھانوی، قاسم مجید، چوہدری اخلاق، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ولید انقلابی، سردار آفتاب انجم ایڈووکیٹ، شاہنواز ملک ایڈووکیٹ اور دیگر بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ بی بی شہید اور قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کے منشور کو حقیقت کا روپ دیتے رہیں گے، آج پاکستان پیپلز پارٹی کو عوام میں غیر معمولی پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ہم نے ذمہ داری کے ساتھ کام کیا۔ ہم نے اس وقت کام کیا جب ریاست میں نفرتوں کے بیج بوئے جا رہے تھے، اس وقت ہم نے یکجہتی کا پیغام دیا کہ ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی افواج کا نام دنیا بھر میں روشن ہو رہا ہے، پاکستان نے بطور ثالث عالمی سطح پر مثبت کردار ادا کرتے ہوئے بھارتی بیانیے کو شکست دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کامیابی دراصل ریاست کی کامیابی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ نیلم تاو بٹ سے اپنے سفر کا آغاز کیا اور ریاست کے ہر حلقے تک پہنچے، جس سے ریاست کے ماحول میں بہتری آئی۔ پیپلز پارٹی ایک ویژن کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے موجودہ حکومت آئندہ الیکشن کے بعد پیپلز پارٹی کی آنے والی حکومت کا ٹریلر ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کے مقابلے میں موجودہ حکومت نے مختصر عرصے میں انقلابی اقدامات کیے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر نے ہی میڈیکل کالجز، یونیورسٹیز، ہیلتھ پیکج، ہیلتھ کارڈ، شیڈول بینک، تعلیمی بورڈز اور تعلیمی اصلاحات جیسے اہم منصوبے اس ریاست کو دیے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کے شیڈول کے اعلان تک اختیارات حکومت کے پاس ہیں اور عوام کی خدمت کا یہ سفر جاری رہے گا۔