منامہ (پی این ایچ)خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے منامہ میں بحرین نیشنل میوزیم اور پرل میوزیم کا دورہ کیا۔ جمعرات کو ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق بی بی آصفہ بھٹو زرداری کے ہمراہ بحرین کی وزیر ہاسنگ اینڈ اربن پلاننگ آمنہ بنت احمد الرومیحی بھی تھیں۔میوزیم آمد پر خاتون اول کا استقبال میوزیمز اینڈ کلچر کی ڈائریکٹر جنرل فرح محمد مطر اور ڈائریکٹر کمیونیکیشنز اینڈ پارٹنرشپس ہانی علی بہزاد نے کیا۔دورے کے دوران بی بی آصفہ بھٹو زرداری کو دونوں عجائب گھروں کا دورہ کرایا گیا، جہاں بحرین کے بھرپور ثقافتی ورثے، گہری تاریخی جڑوں اور تہذیبی عظمت کو موثر انداز میں اجاگر کیا گیا ہے۔انہوں نے پرتپاک مہمان نوازی اور بحرین کے ثقافتی و تاریخی خزانوں کو قریب سے دیکھنے کے موقع پر دلی قدردانی کا اظہار کیا۔ انہوں نے قومی ورثے کے تحفظ اور تاریخ کی حفاظت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ شناخت، اتحاد اور آنے والی نسلوں کے لیے تحریک کا اہم ذریعہ ہے۔خاتون اول نے ثقافتی سفارت کاری، عجائب گھروں کے مابین شراکت داری، تعلیمی تبادلوں اور آثارِ قدیمہ کے تحفظ کے شعبوں میں پاکستان اور بحرین کے درمیان تعاون کے وسیع امکانات کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ایک شاندار تہذیبی ورثے کے حامل ہیں، جن میں پاکستان کی وادی سندھ کی تہذیب اور بحرین کی آثارِ قدیمہ پر مبنی وراثت بالخصوص دلمون تہذیب شامل ہیں۔انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ ثقافتی ورثے کے تحفظ میں قریبی تعاون دونوں اقوام کے درمیان عوامی روابط اور باہمی فہم کو مزید مضبوط بنا سکتا ہے۔
آصفہ بھٹو کا بحرین نیشنل میوزیم اور پرل میوزیم کا دورہ
