اسلام آباد(پی این ایچ) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی مختصر ٹیم کے ساتھ آج رات اسلام آباد میں آمد متوقع ہے۔ پاکستانی مصالحتی ٹیم سے اہم بات چیت اور گفتگو کے نتیجے میں امریکہ اور ایران کے درمیان اسلام آباد امن مذاکرات کا دوسرا راؤنڈ متوقع ہے۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکہ کی لاجسٹک اور سکیورٹی ٹیم بھی مذاکراتی عمل کے لئے اسلام آباد میں پہلے سے موجود ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پیش رفت پاکستانی مصالحتی ٹیم سے اہم بات چیت اور گفتگو کا نتیجہ ہے۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں علاقائی صورتحال، جنگ بندی اور سفارتی کوششوں پر گفتگو کی گئی۔دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان بات چیت میں خطے کی تازہ پیش رفت، جنگ بندی اور امریکا-ایران تناظر میں اسلام آباد کی سفارتی کاوشوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اس موقع پر کہا کہ دیرپا امن اور استحکام کے لیے مسلسل مکالمہ اور سفارتی روابط انتہائی اہم ہیں، تاکہ تمام حل طلب امور کو جلد از جلد حل کیا جا سکے۔ایرانی وزیر خارجہ نے خطے میں پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو سراہا۔
ایرانی وزیر خارجہ کی آج رات اسلام آباد آمد متوقع
