تہران (پی این ایچ)ایران نے آبنائے ہرمز دوبارہ بند کردی ہے۔ جس کے بعد تجارتی جہازوں کی آمد و رفت بند ہو گئی اس حوالے سے ترجمان خاتم الانبیا سینٹرل کمانڈ نے کہا کہ آبنائے ہرمز سخت ایرانی کنٹرول میں ہے، آبنائے ہرمز کی سابقہ حالت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔دوسری جانب پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ جب تک امریکا ایران سے آنے جانے والے جہازوں کی نقل و حرکت بحال نہیں کرتا آبنائے ہرمز سخت کنٹرول میں رہے گی۔پاسداران انقلاب نے کہا کہ امریکا ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کے نام پر بحری قزاقی جاری رکھے ہوئے ہے،ہرمز کی اسٹریٹجک نگرانی اور انتظامی کنٹرول ایرانی افواج کے ہاتھ میں ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ایران نے آبنائے ہرمز کھولنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد تجارتی جہازوں کی آمد و رفت بحال ہو گئی تھی۔دریں اثناء ایران کی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے لیے ایک نئے بحری نظام کی پابندی کی جائے۔عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ابراہیم عزیزی کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں آبنائے ہرمز کی موجودہ صورتحال پر ایرانی مقف پیش کیا گیا ہے۔انہوںنے کہاکہ نئے نظام کے تحت صرف وہی تجارتی جہاز مخصوص راستوں سے گزر سکیں گے جنہیں ایرانی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) بحریہ کی جانب سے اجازت حاصل ہو گی۔انہوں نے کہا کہ اس اجازت کے لیے مقررہ فیس بھی ادا کرنی ہوگی۔ابراہیم عزیزی نے خبردار کیا کہ اگر امریکا ایرانی جہازوں کے لیے کسی قسم کی رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کرتا ہے تو یہ صورتحال آسانی سے تبدیل کی جا سکتی ہے ادھر ایرانی نائب وزیرِ خارجہ سعید خطیب زادہ نے کہا کہ ہم آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنا چاہتے ہیں، ہم نے ہرمز کے راستے جہاز رانی کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے کہا کہ امریکی فریق سفارتی راستے کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہا ہے، ٹرمپ بہت زیادہ باتیں کرتے ہیں اور ایک ہی بیان میں متضاد باتیں کہتے ہیں۔سعید خطیب زادہ نے کہا کہ جنگ کسی مثبت حل کی طرف نہیں لے جا سکتی، امریکا کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ استعمار کا دور ختم ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم جنگ میں واپس آئے تو پوری طاقت سے جواب دیں گے، مستقبل میں کوئی محاصرہ نہیں ہوگا، کوئی ایران پر اپنی خواہشات مسلط نہیں کر سکے گا۔انہوںنے کہاکہ ہم نے نیک نیتی کے ساتھ مذاکرات کے دو دور کیے لیکن انہوں نے سفارت کاری کو دھوکا دیا، ہم محتاط رہیں گے۔ایرانی نائب وزیرِ خارجہ نے کہا کہ اسرائیل گریٹر اسرائیل کے قیام، جغرافیائی سیاسی حقیقت کو تبدیل کرنا چاہتا ہے، ہم خطے کا دفاع کر رہے ہیں، اپنیحقوق کے لیے پرعزم ہیں۔
ایران نے آبنائے ہرمز دوبارہ بند کردی،تجارتی جہازوں کی آمد و رفت بند
