اسلام آباد(پی این ایچ)دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان ایران کے خلاف اپنی سرزمین و فضا استعمال نہ ہونے دینے کے مؤقف پر کاربند ہے۔ہفتہ وار بریفننگ میں ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کو امیر قطر کی جانب سے ٹیلی فون کال موصول ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اسی طرح نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو ازبکستان کے وزیر خارجہ کی جانب سے بھی ٹیلی فون کال موصول ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات پر بات چیت کی گئی۔علاوہ ازیں اسحاق ڈار نے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی ٹیلی فونک گفتگو کی، جس میں ایران کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ انہوں نے نے میانمر کے وزیر خارجہ سے بھی رابطہ کیا۔ اس کے علاوہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے انڈونیشیا کے وزیر سرمایہ کاری سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا۔امریکی ویزا پابندیوں سے متعلق سوال پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم نے یہ رپورٹس دیکھی ہیں اور اس معاملے پر امریکی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ ترجمان کے مطابق امریکا اپنی ویزا پالیسی پر نظر ثانی کر رہا ہے اور امید ہے کہ امریکا جلد پاکستان کے لیے ویزے بحال کرے گا۔ امریکا کی امیگریشن سے متعلق ڈیویلپمنٹ رات گئے سامنے آئی ہے اور ہم اس معاملے کو قریب سے دیکھ رہے ہیں۔
ایران کیخلاف اپنی سر زمین و فضا استعمال نہیں ہونے دینگے،پاکستان
