ترکی پاکستان کی سفارتی کوششوں کی مکمل حمایت کرے گا،طیب اردوان

اسلام آباد(پی این ایچ)ترک صدرطیب اردوان نے وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات میں پاکستان کی امن کوششوں کی تعریف کی ،ترکی خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کے سفارتی اقدام کی حمایت جاری رکھے گا۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماوٴں نے حالیہ علاقائی پیش رفت بالخصوص مشرق وسطیٰ کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر اعظم شہبازشریف نے پاکستان کی امن کوششوں کی بھرپور حمایت اور حوصلہ افزائی پر صدر ایردوان کا شکریہ ادا کیا، وزیراعظم نے ترک صدرکو جنگ بندی میں توسیع اور مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے بارے میں آگاہ کیا۔دونوں رہنماوٴں نے پائیدار اور دیرپا علاقائی امن کو آگے بڑھانے کے لیے موجودہ موقع کو موٴثر طریقے سے استعمال کرنے پر زور دیا۔دونوں رہنماوٴں نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا، سال کے آخر میں انقرہ میں اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل کا اجلاس بلانے پر اتفاق کیا۔ملاقات میں جاری اقدامات کے نفاذ کو تیز کرنے اور اقتصادی مصروفیات کو مزید گہرا کرنے کے لیے نئے مواقع تلاش کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔دونوں رہنماوٴں نے پاکستان اور ترکی کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے، برادرانہ تعلقات کی تعمیر اور امن و خوشحالی کے لیے مشترکہ وژن کے عزم کا اعادہ کیا۔