جنگ بندی خلاف ورزیاں،مذاکرات کے دوسرے دور میں شریک نہیں ہونگے،ایران

تہران(پی این ایچ) ایران کا کہنا ہے کہ پاکستان نے امن کے لیے اپنا کردار ادا کیا مگر امریکا پر اعتماد نہیں، مذاکرات کے دوسرے دور میں شرکت کے لیے وفد پاکستان نہیں جائے گا۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران امریکا پر یقین نہیں کرسکتا، ایران اپنے مفادات کا تحفظ جاری رکھے گا، امریکا نے ثابت کر دیا وہ سفارتی عمل کو آگے بڑھانے میں سنجیدہ نہیں، امریکا نے جارحانہ اقدام کیے، جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کیں، ہمیں اپنی صلاحیتوں پر پورا یقین ہے، امریکا پر اعتماد نہیں، امریکا ماضی سے سبق نہیں سیکھ رہا، موجودہ حالات میں بات چیت ممکن نہیں۔ترجمان وزارت خارجہ ایران اسماعیل بقائی کا مزید کہنا تھا کہ امریکا ایران سفارتی عمل میں اس وقت پاکستان واحد ثالث ہے، پاکستان میں پیش کی گئی 10 نکاتی تجویز پر پہلے ہی مذاکرات ہو چکے ہیں، امریکا نے بحری ناکہ بندی عائد کر کے ایرانی جہاز پر حملہ کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکا نے مذاکرات اور جنگ بندی دونوں کی دو مرتبہ خلاف ورزی کی ہے، ایرانی جہاز پر حملہ جنگ بندی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، امریکا نے ایران پر حملے کیے، شہریوں کو نشانہ بنایا اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچایا۔