مظفرآباد(پی این ایچ)وزیر خوراک ٹیکنیکل ایجوکیشن و کے ڈی اے جاوید اقبال بڈھانوی نے کہا ہے کہ حکومت ریاست کے عوام کو معیاری صاف اور محفوظ خوراک کی فراہمی کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور اس اہم معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ ہرگز نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ عوام کی صحت کے تحفظ کو یقینی بنانا حکومت کی اولین اور بنیادی ذمہ داری ہے اور اس ذمہ داری سے غفلت برتنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام کو روزمرہ استعمال کی اشیائے خوردونوش معیاری اور صحت کے اصولوں کے مطابق فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے اسی مقصد کے تحت محکمہ خوراک میں جدید خطوط پر اصلاحات اور جدت متعارف کروائی جا رہی ہے تاکہ فوڈ سیفٹی کے نظام کو مزید مؤثر اور مضبوط بنایا جا سکے حکومت نے فوڈ اتھارٹی کو جدید آلات اور وسائل سے لیس کرنے کے ساتھ ساتھ عملے کی استعداد کار بڑھانے کے لیے بھی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔وزیر خوراک نے کہا کہ محکمہ خوراک کی خصوصی موبائل ٹیمیں ریاست بھر میں متحرک کر دی گئی ہیں جو مختلف اضلاع بازاروں دکانوں فوڈ پوائنٹس ہوٹلوں بیکریوں دودھ کی دکانوں اور دیگر کاروباری مراکز پر باقاعدگی سے چیکنگ کر رہی ہیں ان ٹیموں کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ عوام کو فروخت کی جانے والی اشیائے خوردونوش معیار صفائی اور صحت کے تمام تقاضوں پر پوری اتریں غیر معیاری مضر صحت اور ملاوٹ شدہ اشیاء تیار کرنے ذخیرہ کرنے یا ریاست میں لانے والوں کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی عوام کی جانوں کے ساتھ کھیلنے کی اجازت کسی صورت نہیں دی جا سکتی اور اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے ملاوٹ مافیا اور غیر ذمہ دار عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کی جائیں گی۔انہوں نے فوڈ اتھارٹی اور محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی کہ خوراک کی جانچ پڑتال کے عمل کو مزید تیز منظم اور شفاف بنایا جائے چیکنگ کے دوران کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام افسران اپنی ذمہ داریاں دیانت داری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ادا کریں تاکہ عوام کا اعتماد بحال اور برقرار رکھا جا سکے۔وزیر خوراک نے کہاکہ حکومت چاہتی ہے کہ معیاری خوراک کی فراہمی کے مثبت اثرات عوام کو اپنی روزمرہ زندگی میں واضح طور پر محسوس ہوں صاف اور معیاری خوراک نہ صرف عوام کی صحت کو بہتر بنائے گی بلکہ مختلف بیماریوں سے بچاؤ میں بھی مددگار ثابت ہو گی جس سے صحت کے نظام پر پڑنے والا بوجھ بھی کم ہو گا۔انہوں نے کہا کہ عوام کی صحت کے ساتھ کسی کو کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی فوڈ اتھارٹی غیر معیاری اشیائے خوردونوش اور فوڈ آئٹمز کے خلاف اپنی کارروائیاں مزید تیز کرے ملاوٹ جعلسازی اور قانون کی خلاف ورزی میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا تاکہ آئندہ کوئی اس طرح کی حرکت کرنے کی جرات نہ کر سکے۔جاوید اقبال بڈھانوی نے کہا کہ موجودہ حکومت کا ہر قدم عوام کی دہلیز پر سہولیات پہنچانے کے لیے اٹھایا جا رہا ہے اور اس حوالے سے عملی اور مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں جن کے ثمرات ریاست کے عوام کو براہ راست حاصل ہو رہے ہیں ہماری حکومت حقیقی معنوں میں عوام کی حکومت ہے اور عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔
عوام کی صحت کے تحفظ کو یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے،جاوید اقبال بڈھانوی
