ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں،حکومتی سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے،رضوانہ خان

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) معروف پاکستانی گلوکارہ رضوانہ خان نے کہا ہے کہ ملک میں نئے ٹیلنٹ کی کمی نہیں، مگر سرکاری سطح پر مناسب سرپرستی نہ ہونے کی وجہ سے ابھرتے ہوئے گلوکار آگے نہیں آ پاتے۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں حکومت سے مطالبہ کیا کہ نوجوان فنکاروں کے لیے باقاعدہ میوزک اکیڈمیز، فنڈنگ پروگرامز اور پلیٹ فارمز مہیا کیے جائیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کر سکیں۔رضوانہ خان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نئے گلوکاروں کی حوصلہ افزائی کرے اور انہیں مواقع فراہم کرے تو پاکستان کا میوزک انڈسٹری ایک بار پھر دنیا میں نمایاں مقام حاصل کر سکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سینئر فنکاروں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ نئے آنے والوں کی رہنمائی کریں اور ان کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ ایک مثبت اور مضبوط موسیقی کلچر فروغ پا سکے۔رضوانہ خان امریکہ ،انگلینڈ،قطر ،دبئی سمیت دیگر کئی ممالک میں اپنے فن کا مظاہرہ کرچکی ہیں،ان کا کہنا ہے کہ سرکاری سطح پردیگر ممالک کے ساتھ معاہدے کر کے گلوکاروں کو بیرون ممالک بھیجا جائے تا کہ وہاں پاکستانی ثقافت کو اجاگر کیا جا سکے ۔